پختونخوا قومی جرگہ پاکستان تپہ خلیل کے چیف فخر عالم خلیل اور انفارمیشن سیکرٹری عامر اللہ خلیل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان مسعود بنگش سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقے میں امن و امان، عوامی مسائل، جرگہ نظام کے فروغ اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مثر بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر فخر عالم خلیل نے کہا کہ پختونخوا قومی جرگہ عوامی خدمت، تنازعات کے پرامن حل اور معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرگے کی وساطت سے ماضی میں کئی بڑے اور پیچیدہ مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں امن و امان کی فضا قائم ہوئی اور عوام کا جرگہ نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔انہوں نے کہا کہ لوگ بڑی تعداد میں پختونخوا قومی جرگہ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں کیونکہ یہ کسی سیاسی جماعت کا جرگہ نہیں بلکہ عوام کا اپنا جرگہ ہے جو بلاامتیاز عوامی مفاد، سماجی ہم آہنگی، انصاف اور امن کے قیام کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔ڈی پی او مردان مسعود بنگش نے جرگہ مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دیرپا امن کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مردان پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے انجام دیتی رہے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں جانب سے مستقبل میں بھی امن، عوامی فلاح اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔







