کرک میں ٹریفک حادثے اور پانی میں ڈوبنے کے دو مختلف واقعات میں2 نوجوان جاں بحق جبکہ4 افراد زخمی ہوگئے۔ مسلسل پیش آنے والے ان افسوسناک واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ڈیموں اور دیگر آبی ذخائر پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ریسکیو 1122 کرک کے مطابق منگل کے روز تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر میرکلام بانڈہ کے مقام پر ایک شاہ زور گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کیاجہاں زخمی نوراللہ ولد فضل افضال سکنہ لکی مروت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں میں دو بھائی محمد دانش، حمیداللہ پسران عنایت اللہ اور وحیداللہ ولد گل زمان شامل ہیں۔دوسری جانب نواحی علاقے میٹھاخیل میں واقع زیڑی ڈیم میں نہاتے ہوئے 22 سالہ آصف یعقوب ولد یعقوب خان سکنہ ڈب سنگینی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد نوجوان کی لاش پانی سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی۔ادھر تحصیل تخت نصرتی کے علاقے وانکی سراج خیل، لواغر الگڈہ میں نہاتے ہوئے 9 سالہ صفوان ولد مجید خان بھی ڈوب گیا تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باعث بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال تخت نصرتی منتقل کر دیا۔ان مسلسل پیش آنے والے واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی اورایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کرک نے پولیس کے ہمراہ زیڑی ڈیم میٹھاخیل اور لتمبر ڈیم کا دورہ کرکے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیموں کے احاطے میں موجود متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔د







