کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے بتایا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند کا حالیہ دور پاکستان انتہائی کامیاب رہا ہے۔محمد سلیم نے بتایا کہ ایک کینیڈین فضائی کمپنی نے پاکستان کے لیے ہفتے میں 5براہ راست پروازیں شروع کرنے کی منظوری کے سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔محمد سلیم یہ بات کینیڈا کی پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ اقرا خالد کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ اسلم رانا اور سمیر زبیری، قونصل جنرل خلیل باجوہ، ڈپٹی قونصل جنرل محمد حسن اور لبرل پارٹی کے صوبائی صدر قیصر ڈار بھی شریک تھے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ آئندہ سال پاکستان کے اعلی سطح کے وفود کینیڈا کا دورہ کریں گے جن میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل، چمڑے اور دیگر مصنوعات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس کے علاوہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانہ نئی عمارت میں منتقل ہو چکا ہے جہاں کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر محمد سلیم نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے کینیڈین ارکانِ پارلیمنٹ کو پاکستانی آم تحفے میں پیش کیے۔







