پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر و کوارڈینیٹر وفاقی وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل انتخاب خان چمکنی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے تناظر میں کہا ہے کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو ہماری شناخت، عزت اور مستقبل ہے۔ ریاست محفوظ ہوگی تو جمہوریت بھی مضبوط ہوگی اور سیاست بھی اپنے حقیقی مقصد کو حاصل کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، مثر گورننس اور ریاستی استحکام کی ضرورت ہے۔ اگر نظام میں اصلاحات، انتظامی بہتری یا آئینی اقدامات عوامی مفاد، قومی یکجہتی اور ریاست کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جائیں تو ان پر سنجیدہ قومی مکالمہ ہونا چاہیے۔انتخاب خان چمکنی نے کہا مسلم لیگ کا ہمیشہ سے مئوقف رہا ہے کہ قومی مفاد ہر سیاسی مفاد پر مقدم ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور قومی قیادت کو چاہیے کہ وہ آئین اور قانون کی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح کو سامنے رکھتے ہوئے اتفاقِ رائے سے آگے بڑھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش داخلی، معاشی اور انتظامی چیلنجز کا حل الزام تراشی میں نہیں بلکہ دانشمندانہ فیصلوں، قومی اتحاد اور مضبوط ریاستی ڈھانچے میں ہے۔ یہی وقت ہے کہ تمام سیاسی قوتیں ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔







