پشاور پریس کلب کے وفد نے ایجوکیشن ایوارڈ تقریب کے انتظامات کے سلسلے میں ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم خیبر پختونخوا حلیمہ اقبال سے ملاقات کی۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کی ہدایت پر پریس کلب کے نائب صدر و چیئرمین ایجوکیشن کمیٹی ضیا ء الحق، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، رکن ایجوکیشن کمیٹی شازیہ نثار اور واحد اللہ پر مشتمل اس وفد نے ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم سے ملاقات میں پشاور پریس کلب کے معزز ممبران کے پوزیشن ہولڈر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایجوکیشن ایوارڈز کی تقریب کے انعقاد اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر محترمہ حلیمہ اقبال نے محکمہ کی جانب سے تقریب کے کامیاب انعقاد کے لئے ہر ممکن سہولیات اور بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں نائب صدر ضیا الحق اور جنرل سیکرٹری عالمگیر خان نے نشتر ہال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہال میں دستیاب سہولیات، نشستوں کی گنجائش، اسٹیج اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ تقسیم انعامات کی اس تقریب کے شاندار انعقاد کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔








