پشاور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامے کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 240روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں یہ گیس 400روپے فی کلوتک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی سے متاثرہ عوام پر مزید مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مطابق متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر کارروائی نہیں کی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ وقتی چیکنگ اور نمائشی کارروائیوں کے علاوہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مستقل کریک ڈائون نہ ہونے کے باعث سرکاری نرخنامہ صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور، کمشنر پشاوراور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور صارفین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری اقدامات نہ کیے تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔







