ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقے لوئے شلمان، پڑانگ درہ میں زمین کے تنازع پر دو خاندانوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمشیر خاندان اور شیخ کریم خاندان کے درمیان دیرینہ زمینی تنازع پر پیش آیا، جہاں دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔واقعے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین سے چار، چار افرادکو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال قابو میں ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔







