کوہاٹ پولیس نے ہنگو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کوچ سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک راکٹ لانچر گن، 22 ہینڈ گرنیڈ، ایک بوسٹر اور 37 مارٹر گولے شامل ہیں۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہباز الٰہی کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران عمل میں لائی گئی۔ تھانہ کینٹ پولیس نے ایس ایچ او عرفان خان کی سربراہی میں پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر واقع کاغذئی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مسافر کوچ کو روک کر اس کی تلاشی لی۔تلاشی کے دوران کوچ میں موجود بیگوں اور بوریوں کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق ضبط کیے گئے اسلحے میں ایک راکٹ لانچر گن، 22 ہینڈ گرنیڈ، ایک بوسٹر اور 37 مارٹر گولے شامل ہیں جنہیں تحویل میں لے لیا گیا۔پولیس نے موقع پر موجود ملزم مومن خان سکنہ افغانستان کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم یہ اسلحہ ہنگو سے درہ آدم خیل منتقل کر رہا تھا تاہم اسلحے کی ترسیل کے اصل مقصد، ممکنہ خریداروں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔







