بین الاقوامی کانفرنس میں ڈاکٹر لیاقت علی پاکستان کی نمائندگی کریں گے

عالمی شہرت یافتہ یورولوجسٹ، ریسرچر،میڈیکل ایجوکیشنسٹ اور پروفیسر،انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (آئی کے ڈی)، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) ڈاکٹر لیاقت علی 11 سے 14 نومبر تک اٹلی کے شہر فلورنس میں منعقد ہونے والی 46ویں بین الاقوامی یورولوجی کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔دستیاب معلومات کے مطابق، ڈاکٹر لیاقت علی خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے واحد پروفیسر آف یورولوجی ہیں،جو اس بین الاقوامی فورم میں شریک ہوں گے، جہاں دنیا بھر سے یورولوجی کے ماہرین باہمی تعاون کو فروغ دینے اور یورولوجی کی خدمات کی ترقی کیلئے جمع ہوں گے۔ڈاکٹر لیاقت علی اس موقع پر تین تحقیقی مقالے پیش کرنے کے علاوہ سارک ایسوسی ایشن آف یورولوجیکل سرجنز کے مشترکہ اجلاس کی شریک صدارت بھی کریں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ معالج، محقق اور ماہر تعلیم ہیں لیکن ان کی خدمات کو بہت کم ہی سراہا گیا ہے۔ آئی کے ڈی میں ان کے یونٹ کی کامیابی کی شرح اور میرٹ خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں پہلے نمبر پر ہے،جبکہ آئی کے ڈی کو ایک بہترین ٹرشری کیئر اسپتال بنانے میں ان کی غیرمعمولی خدمات بھی نمایاں ہیں، جہاں انہوں نے ایک سازگار تعلیمی ماحول کو فروغ دیاجبکہ ان کے پوسٹ گریجویٹ تدریس و تربیت کا ماڈل پورے پاکستان میں اپنایا جاتا ہے۔علاوہ ازیں، خیبر پختونخوا میں ایک تحقیقی ماحول کی ترقی کے حوالے سے ان کی خدمات کو ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ (ایچ آر اے بی) اور دیگر اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے، جبکہ انہوں نے سینکڑوں کانفرنسز، سمپوزیمز اور ورکشاپس کے انعقاد پر سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، جو ان کی مالی دیانت داری کی بہترین مثال ہے۔ان کے شعبہ یورولوجی سے وابستہ ساتھیوں کے مطابق، انہیں ایک بہترین سپروائزر، سرجن اور طبی استاد سمجھا جاتا ہے، وہ قومی اور بین الاقوامی فورمز پر وطن عزیز کی نمائندگی کر چکے ہیں، لیکن حکومت نے ابھی تک ان کی شاندار خدمات کا اعتراف نہیں کیا ہے۔یورولوجی برادری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے غیرمعمولی پیشہ ور افراد کی خدمات کا اعتراف کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ یہی لوگ اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed