کراچی’ رینجرز کیمپ پر حملہ ‘ 3 جوان شہید’3 حملہ آور مارے گئے

پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، بروقت جواب میں 3 دہشت گرد مارے گئے، رینجرز کے 3 جوان شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ)کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ پاکستان شہدا کے خون کا بدلہ لینے کیلئے حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔ واقعے پرچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید ہونے والے رینجرز جوانوں کے پسماندگان اور گھر والوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل نے اپنے پیغام میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے پختہ ارادے اور عزم کی علامت ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فورسز چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ان شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔اپنے بیان میں صدرِ آصف علی زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز( سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر بھارتی پراکسی کے دہشتگردوں کے حملے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ حملہ ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں کی لازوال قربانی قوم کے پختہ عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے، شہدا کی عظیم قربانیاں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed