خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 7افراد جاں بحق اور 33زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ میں پیش آئے۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے، شدید گرمی اور بارشوں سے گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے لگے جس کے باعث فلیش فلڈ کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا۔چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے ، ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ اور لوگوں کا انخلا یقینی بنایا جائے، لوگ دریا کے کناروں ، برساتی نالوں اور تیز بہا والے مقامات سے دور رہیں۔







