قبائلی ضلع اورکزئی میں پہلی مرتبہ ایک قبائلی خاتون نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں بچے کو جنم دیا۔ریسکیو 1122 اورکزئی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز اپر تحصیل کے ہیڈکوارٹر غلجو سے ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر ایمبولینس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی۔ریسکیو ٹیم نے متاثرہ خاتون کو فوری طور پر ایمبولینس میں منتقل کیا اور بہتر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مشتی میلہ لے جانے کے لیے روانہ ہو گئی۔ تاہم دورانِ سفر خاتون کی حالت تشویشناک ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمبولینس کے اندر ہی کامیاب ڈیلیوری کروائی جس کے نتیجے میں ایک صحت مند بیٹے کی پیدائش ہوئی۔کامیاب ڈیلیوری کے بعد ریسکیو اہلکار نے اسلامی و روایتی اقدار کے مطابق نومولود کے کان میں اذان بھی دی۔ بعد ازاں زچہ اور بچہ کو محفوظ حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مشتی میلہ منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کی حالت بہتر اور خطرے سے باہر ہے۔







