پشاور میں احمد میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام کانووکیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا و طالبات، والدین، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا عبدالغنی آفریدی اور چیئرمین آل پرائیویٹ کالجز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہارون حیدر تھے۔ مہمانانِ خصوصی نے کامیاب طلبا و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی کامیابیوں کو سراہا۔اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین، وائس چیئرپرسن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن،ڈائریکٹر اکیڈمک سمیت دیگر انتظامی شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معیاری طبی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نذیر خان نے گریجویٹ طلبا سے حلف بھی لیا۔مہمانانِ خصوصی نے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کے ساتھ ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔







