پشاور میں انٹرنیٹ سسٹم جواب دے گیا، جس کی وجہ سے شہر بھر میں متعدد اداروں کی سرکاری و عوامی خدمات مفلوج ہو کر رہ گئیں اور عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں انٹرنیٹ سسٹم کی خرابی نے سرکاری و عوامی خدمات کو مفلوج کر کے رکھ دیا اور اہم سرکاری اداروں میں کام شدید متاثر ہوا اور شہریوں کو دن بھر خواری کا سامنا کرنا پڑا، بورڈ آف ریونیو، مختلف صوبائی محکموں، مالیاتی اداروں، نادرا، پاسپورٹ آفس اور ریلوے سمیت متعدد اداروں کا انٹرنیٹ سسٹم ڈان ہونے سے سروس ڈلیوری بری طرح متاثر ہوئی۔تحصیلدار دفاتر میں فرد کے اجرا اور جائیداد کی رجسٹری جیسے بنیادی امور بھی انجام نہ پا سکے، جس کے باعث ایک ہی دن میں حکومت کو لاکھوں روپے کے ریونیو کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دوسری جانب نادرا اور پاسپورٹ سے متعلق خدمات بھی معطل رہیں جس کی وجہ سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آئیں، اور دفاتر کے باہر شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، تاہم شام تک سسٹم بحال نہ ہونے پر انہیں مایوس ہو کر واپس لوٹنا پڑا اور اگلے دن آنے کی ہدایات دی گئیں۔اسی طرح مالیاتی اداروں یعنی بینکوں اور ریلوے سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی محکموں کے نظام بھی جزوی یا مکمل طور پر متاثر رہے، جس سے نہ صرف دفتری امور رکے رہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی خلل پیدا ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر چار روزہ تعطیلات کے بعد کھلے ہی تھے کہ انٹرنیٹ کی خرابی نے نظام کو مزید متاثر کر دیا ہے جس کے باعث گزشتہ کئی دنوں سے سرکاری کام سست روی کا شکار ہے۔







