پشاور کی خصوصی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی ائی کی گرفتاری کے بعد ریڈیو پاکستان پر حملہ کیس میں پراسیکیوشن کی جانب سے چالان میں تاخیر کے خلاف درخواست دائر کردی گئی جس میں کیس کے سپیشل پراسیکیوٹر نعمان الحق کاکا خیل کے خلاف کارروائی کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ درخواست ریڈیو پاکستان کے سٹیشن ڈائریکٹر کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پر حملہ ہوا اور پرتشدد مظاہرین نے عمارت میں توڑ پھوڑ کی اس واقعہ کو ہوئے دو سال سے زائد عرصہ گزر گیا تا ہم ابھی تک اس کیس میں چالان جمع نہیں کیا گیا، اور پراسیکیوشن جان بوجھ کرچالان جمع نہیں کررہا اور کیس کو طوالت دینے کی کوشش کررہا ہے۔درخواست کے مطابق اس مقدمے میں پی ٹی ائی کے موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی نامزد ہیں اورحملہ کیس میں مزید ملزمان کی شناخت اور تصدیق بھی پنجاب فرانزک اور نادرا سے ہوئی ہے۔درخواست کے مطابق صوبائی حکومت، وزرا اور ممبران اسمبلی کے دبا کے باعث چالان تاخیر کا شکار ہے حکومت نے اس کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر نامزد کیا لہذا فوری چالان جمع کرنے کا حکم دیا جائے اور اگر وہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا تو سپیشل پراسیکیوٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔







