پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ گزشتہ شب سے شروع ہو گیا ہے، جس سے صوبے کے بالائی علاقوں میں سردی جبکہ میدانی علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بالائی اور جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے، چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ،شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اورہری پور میں بارش کے امکانات زیادہ ہیں، جبکہ باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور بنوں کے اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی متوقع ہے گزشتہ روز کرم کے بعض علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی اور پاڑہ چنار میں تقریبا 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے اس وقت پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔







