اے این پی کو ختم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ‘ایمل ولی

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کو ختم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ۔شہیدبشیربلورکی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ حاجی غلام بلور سے متعلق میڈیا میں من گھڑت خبریں چلائی گئیں، غلام بلور عوامی نیشنل پارٹی میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف نجکاری ہے، حکومت کو حاکمیت کرنی چاہیے، کاروبار نہیں، پاکستان اسٹیل ملز، ریلوے اور پی آئی اے تباہی کا شکار ہیں، شفاف نجکاری سے ملکی ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ غیر شفاف نجکاری کسی صورت قبول نہیں، ملک کے 140بڑے کاروباروں سے ٹیکس وصول نہیں کیا جا رہا، حکومتی ادارے وہی کام کریں جن کے لیے قائم کیے گئے۔ایمل ولی نے مزید کہا کہ ریاست نجکاری کے عمل کا ازسرِنو جائزہ لے اور شفاف طریقے سے آگے بڑھے۔ان کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کو لانا ہی نہیں چاہیے تھا، لائے گئے تو اب بے دخلی بھی مناسب نہیں، افغان مہاجرین کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کیے گئے، اب ذلیل کر کے نکالا جا رہا ہے۔سربراہ عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ ملک میں پچاس سال تک یہ مہاجر کھیل کھیلا گیا، افغانستان سے دہشت گردوں کی آمد روکنا کس کا کام ہے؟ بس اب ہم ان ڈراموں سے تنگ آ چکے ہیں، ہم پرامن لوگ ہیں، جینا چاہتے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بد امنی ، جرائم اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔شہید بشیر احمد بلور کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما عوامی نیشنل پارٹی میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ بشیر بلور نے دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے جان کی قربانی دی،دہشتگردی کے باوجود بشیر بلور نے میدان نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدامنی، جرائم اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہو رہا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے،مشینری موجود ہے لیکن حکومت صوبے کی اونرشپ لینے میں ناکام رہی ہے۔میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ نہ آپریشن کامیاب ہوا اور نہ ہی مذاکرات، اے این پی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے،شفاف انتخابات ہوئے تو کامیابی اے این پی کی ہوگی،امن کے لیے سر کٹا دیں گے مگر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔رہنما اے این پی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اے این پی کی اولین ترجیح ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed