بنوں’ شمالی وزیرستان اور مہمند میں آپریشنز’19 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے مہمند ضلع، بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات پر نو اور دس دسمبر کی رات کارروائیاں کیں جس میں 19 خوارجی منطقی انجام کو پہنچے۔ضلع مہمند کے علاقہ گولونو میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا، خوارجیوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔دوسرا آپریشن ضلع شمالی وزیر ستان کے عمومی علاقہ دتہ خیل میں کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی دہشت گرد مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں سے اسلحہ بارود برآمد ہوا، خوارج علاقہ میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے، بچے کھچے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے علاقوں مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطا بق وزیراعظم نے 19 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لئے برسرپیکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں کے خلاف قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریاستی عمل داری قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے آپریشنز جاری رہیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائیوں اور 19 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو بھرپور انداز میں نشانہ بنایا ہے جو لائقِ ستائش ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed