سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات جمعرات کو پیرس میں ہونے والے نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی جس کی میزبانی فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کر رہے ہیں۔جمعرات سے جمعے تک جاری رہنے والے اجلاس کا مقصد ایک ایسا روڈ میپ تیار کرنا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک پر قرضوں کا بوجھ کم کیا جا سکے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے مزید فنڈز کی فراہمی ہو سکے۔شہزادہ محمد بن سلمان پیرس سمٹ میں سعودی وفد کی سربراہی کریں گے
پچھلے برس پاکستان کو شدید سیلاب کے باعث بہت نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے تین کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے اور کم سے کم ایک ہزار سات سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔پچھلے سال سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ مملکت اگلے دس برس کے دوران مشرق وسطٰی میں گرین انیشیٹیو کے لیے ڈھائی ارب ڈالر فراہم کرے گی اور اس کی میزبانی بھی کرے گی۔مشرق وسطٰی گرین انیشٹیو خطے میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق ’اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا
وزیر اعظم کی محمد بن سلمان کیساتھ ملاقات







