وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، پارٹی کی سینئر قیادت اور وفاقی وزرا شریک ہیں،اجلاس میں تحریک عدم اعتماد اور سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔سیاسی کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے میاں محمود الرشید، بابر اعوان ، شوکت ترین، اسد عمر ، اسپیکر اسد قیصر، پرویز خٹک، شیخ رشید، فواد چوہدری اور شفقت محمود وزیراعظم ہاوس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی اجلاس میں وزیراعظم کو اتحادیوں سے رابطوں اور پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، حکومتی وفد کی ایم کیو ایم کے ساتھ ملاقات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر حکومتی حکمت عملی پر اجلاس میں غور کیا جائے گا،جبکہ پنجاب میں وزارت اعلی کی تبدیلی کے پیش نظر صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان ق لیگ کے رہنما پرویز الہی کو وزیراعلی نامزد کرنے پر رہنماوں کو اعتماد میں لیں گے۔ذرائع کا مزید بتایا ہے کہ وزیراعظم کی آج ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔







