لندن: یورپی فٹبال کی منتظم تنظیم یوئیفا نے اسپین کے خلاف نیشنز لیگ میچ کے دوران انگلش تماشائیوں کی جانب سے کیتھولک اور آئرش مخالف نعرے لگانے پر انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کو سزا سنا دی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یوئیفا نے انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر 15 ہزار یورو (تقریباً 45 لاکھ 57 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ مہمان شائقین پر ایک میچ کی معطل پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران انگلینڈ کے شائقین نے مذہبی، نسل پرستانہ اور امتیازی نوعیت کے نعرے لگائے تھے، جنہیں کیتھولک اور آئرش مخالف قرار دیا گیا۔
یوئیفا کے فیصلے کے تحت اگر آئندہ دو برسوں کے دوران انگلش شائقین کی طرف سے دوبارہ ایسی کسی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا گیا تو مہمان تماشائیوں کے ایک میچ کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے پر باقاعدہ پابندی لاگو ہو جائے گی۔
دوسری جانب انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس طرح کے ناقابل قبول اور توہین آمیز رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام پولیس کی مدد سے اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف ضروری کارروائی عمل میں لائیں گے۔
واضح رہے کہ نیشنز لیگ کے اس مقابلے میں انگلینڈ نے اسپین کو 2-3 سے ہرا کر اس کا مسلسل 43 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ختم کیا تھا اور گروپ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی۔







