خیبرپختونخوا کے سپورٹس ہیروز کی خدمات کا اعتراف’17کھلاڑیوں کو ایوارڈز نوازا گیا

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام صوبے میں کھیلوں کے فروغ، ترقی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والے کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے سپورٹس ہیروز ایوارڈز 2026 کی پروقار تقریب نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 17 نمایاں ہیروز کو ان کی شاندار کارکردگی، تاریخی کامیابیوں اور کھیلوں کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانان خصوصی گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ اور مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور تھے، جنہوں نے نمایاں کھلاڑیوں اور کھیلوں کی شخصیات میں ایوارڈز تقسیم کیے۔

اس موقع پر سیکرٹری کھیل آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس واصل خان، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہارون ظفر، نعمت اللہ، اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن خیبرپختونخوا پولیس شازیہ شاہد، اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری امجد عزیز ملک، نازیہ زکی سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات، حکام اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور کھیلوں کے ہیروز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں، مسلسل محنت، لگن اور عزم کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ خیبرپختونخوا کا نام بھی دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ ان ہیروز کی کامیابیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس ہیروز ایوارڈز کے انعقاد کا بنیادی مقصد کھیلوں کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی، ان کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ ہمارے ان ہیروز نے دن رات محنت کرکے عالمی سطح پر اپنا مقام بنایا ہے، جس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ کھیلوں کے شعبے میں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کہا کہ کھیل ہمیں زندگی کے اہم اصول سکھاتے ہیں۔ مقابلے میں ایک کھلاڑی کامیابی حاصل کرتا ہے جبکہ دوسرے کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے،

 

تاہم ایک حقیقی کھلاڑی ناکامی سے مایوس ہونے کے بجائے مزید محنت، بہتر تیاری اور نئے عزم کے ساتھ دوبارہ میدان میں اترتا ہے۔ یہی جذبہ کھیلوں کی اصل روح ہے۔ کھلاڑیوں کی زندگی سے ہمیں مستقل مزاجی، نظم و ضبط، محنت اور حوصلے کا درس ملتا ہے، جنہیں عملی زندگی میں بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بارے میں ملک کے دیگر حصوں اور بیرون ملک اکثر دہشت گردی اور بدامنی کا تاثر پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ یہ صوبہ دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں کے باصلاحیت کھلاڑی اپنی قومی اور بین الاقوامی کامیابیوں کے ذریعے صوبے کا حقیقی، مثبت اور روشن تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور صوبے کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے اپنے خطاب میں محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز کو عزت دینا اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ ان کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور کامیابیوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ان کی بدولت ہم فخر کے ساتھ اپنا سر بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

تقریب میں ایوارڈز کی تقسیم کے لیے تین مختلف کیٹیگریز، لیجنڈز، چیمپئنز اور ایمرجنگ ٹیلنٹ متعارف کرائی گئیں، جن کے تحت کھیلوں کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 17 نمایاں کھلاڑیوں اور شخصیات کو اعزازات دیے گئے۔لیجنڈز کیٹیگری میں سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان، سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ، سابق مسٹر پاکستان شیراز محمد، سابق ورلڈ نمبر ٹو محب اللہ خان، سابق ہاکی اولمپئن نعیم اختر اور خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے والی ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی کو ان کی تاریخی کامیابیوں اور طویل خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

چیمپئنز کیٹیگری میں ٹیسٹ کرکٹر عمران خان، قومی ہاکی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی ذکریا حیات اور تائیکوانڈو کی انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ میمونہ بلوچ کو ان کی نمایاں کھیلوں کی کامیابیوں پر اعزازات دیے گئے۔ایمرجنگ ٹیلنٹ کیٹیگری میں کراٹے کے نیشنل گولڈ میڈلسٹ مراد خان، سیلنگ کی کھلاڑی حجاب اجمل، جوڈو کے سید فیصل شاہ، باڈی بلڈنگ کے شاہد خان، جوڈو کی آصفہ نور، ٹیبل ٹینس کے عثمان خان اور فہد خواجہ کو ان کی صلاحیتوں، کامیابیوں اور کھیلوں کے روشن مستقبل کے اعتراف میں ایوارڈز دیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر ایوارڈز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور شخصیات کی خدمات کو سراہا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کی نمائندگی بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل ضروری ہے۔

 

 

جان شیر خان اور قمر زمان لیجنڈز کیٹیگری میں اعزازات سے نوازے گئے
خیبرپختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز 2026 میں سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان اور قمر زمان سمیت سات نامور شخصیات کو لیجنڈز کیٹیگری میں اعزازات دیے گئے۔ دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں سید عاقل شاہ، شیراز محمد، محب اللہ خان، نعیم اختر اور رشیدہ غزنوی شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹر عمران خان، ذکریا حیات اور میمونہ بلوچ چیمپئنز قرار
سپورٹس ہیروز ایوارڈز 2026 کی چیمپئنز کیٹیگری میں ٹیسٹ کرکٹر عمران خان، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ذکریا حیات اور تائیکوانڈو کی انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ میمونہ بلوچ کو ان کی نمایاں کامیابیوں پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔

7نوجوان کھلاڑیوں کو ایمرجنگ ٹیلنٹ ایوارڈز دئیے گئے
خیبرپختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی ایمرجنگ ٹیلنٹ کیٹیگری میں سات نوجوان کھلاڑیوں کو اعزازات دئیے گئے۔ ان میں مراد خان، حجاب اجمل، سید فیصل شاہ، شاہد خان، آصفہ نور، عثمان خان اور فہد خواجہ شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed