سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ اسکواڈ کا باضابطہ اعلان آئندہ ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان عماد بٹ سمیت پانچ سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ارشد لیاقت، عدیل، عبدالمنان اور گول کیپر علی رضا بھی سلیکشن کے لیے زیر غور نہیں آئے۔
ٹورنامنٹ 20 سے 28 نومبر تک شیڈول ہے، جس میں شرکت کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مختلف شعبوں کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
منتخب کھلاڑیوں میں گول کیپرز کے طور پر عبداللہ اشتیاق اور وقار شامل ہیں، جبکہ دفاعی شعبے میں ابوبکر، سفیان خان، محمد عبداللہ اور ندیم خان کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مڈ فیلڈ میں معین شکیل، حماد الدین، سمیع اللہ، محمد عماد، ذکریا حیات اور عمر مصطفیٰ کو شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح فارورڈز کی فہرست میں رانا وحید، غضفر علی، احمد ندیم، عبدالرحمان، حنان شاہد اور افراز کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں اسلام آباد میں جاری ہے۔







