خیبرپختونخوا کے گورنر کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا چارج باقاعدہ طور پر سنبھال لیا ہے۔ اس اہم پورٹ فولیو کی ذمہ داری سونپنے پر انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ گورنر کی جانب سے یہ نئی ذمہ داری ملنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا ان کا اصل وژن ہے، جس کے تحت صوبے کی دوبارہ آبادکاری اور عوام کی مشکلات کا فوری ازالہ سب سے پہلی ترجیح ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، دہشت گردی اور قدرتی آفات کی زد میں آئے صوبے کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی شدید ضرورت ہے۔ صوبے میں کسی بھی آفت، سانحے یا مصیبت کی صورت میں متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات نے عزم ظاہر کیا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ان کے گھروں کی دوبارہ آبادکاری کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا اور اس مقصد کی خاطر تمام دستیاب سرکاری وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔







