ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقہ شاہ کس میں قائم ایک پولی فوم بنانے والی فیکٹری میں اچانک ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس پر ریسکیو 1122 خیبر اور پشاور کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے بروقت اور مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کامیابی سے قابو پا لیا۔
ریسکیو 1122 خیبر کے کنٹرول روم کو آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر فائٹرز کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا۔ آگ کی شدت اور فیکٹری میں موجود کیمیکل و فوم کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو 1122 پشاور سے بھی اضافی نَفری اور فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔
اس امدادی آپریشن میں ریسکیو 1122 پشاور کی 04 فائر وہیکلز جبکہ ریسکیو 1122 خیبر کی 02 فائر وہیکلز اور 01 واٹر باؤزر نے حصہ لیا۔ فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کی شعلوں کو پھیلنے سے روکا اور آس پاس کی آبادی و ملحقہ عمارتوں کو محفوظ کر لیا، جس کے باعث ایک بڑے مالی و جانی سانحے سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔
فائر فائٹنگ آپریشن کی براہِ راست نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ضلع خیبر انجینئر شارق ریاض خٹک اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار یوسفزئی نے کی، جبکہ ایمرجنسی آفیسرز اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں فی الوقت کولنگ کا عمل جاری ہے اور خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔







