صوبائی دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے سرکلر روڈ اور کوہاٹی کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف رات گئے بڑا آپریشن کرتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے بیشتر غیر قانونی ساختیں مسمار کر دی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو سرکاری اراضی یا سڑکوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکلر روڈ اور کوہاٹی پر کارروائی کا بنیادی مقصد شہریوں کو درپیش درپیش مشکلات کو کم کرنا،

سڑکوں کو کشادہ بنانا اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر قائم تجاوزات کے باعث شہریوں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں شدید رکاوٹیں پیدا ہو رہی تھیں۔ حکام نے واضح کیا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔







