انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن شاکر حسین داوڑ اور ڈی پی او اورکزئی شوکت علی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی احسن عباس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پی کی زیرِ صدارت کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے ڈی پی اوز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کارکردگی، سکیورٹی انتظامات اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں، حساس مقامات کی سکیورٹی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور چوکس رہنے کی ہدایت کی۔آئی جی پی نے قبائلی مشران اور ڈی آر سی ممبران کے اجلاس کی بھی صدارت کی، جس میں عوامی مسائل، امن و امان کی صورتحال اور پولیس کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبائلی مشران نے امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی جی پی نے ان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد، مضبوط روابط اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ اورکزئی میں امن کی بحالی کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے۔ ضلع کے لیے 2 سے 3 ارب روپے کے پیکج، پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیویز اور خاصہ دار شہداء کے خاندانوں کو بھی پیکج میں شامل کیا جائے گا، جبکہ شہداء کے بچوں کو پولیس میں بھرتی کیا جائے گا۔دورے کے دوران آئی جی پی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں نگرانی اور سکیورٹی انتظامات سمیت پولیس امور کی مؤثر نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، معلومات کی بروقت فراہمی اور پولیس کے فوری ردعمل کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔بعدازاں آئی جی پی نے زیرِ تعمیر پولیس لائنز اورکزئی کا معائنہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت، معیار اور پولیس اہلکاروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ اہلکاروں کو بہتر رہائشی، انتظامی اور پیشہ ورانہ سہولیات میسر آسکیں۔آئی جی پی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی مؤثر کارکردگی، جدید سہولیات، پیشہ ورانہ تربیت اور عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







