انڈس ہائی وے پر مسافر بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 36 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس کراچی سے ڈیرہ غازی خان جا رہی تھی کہ انڈس ہائی وے پر بنگلہ ہدایت کے قریب ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اہلکاروں نے بس میں پھنسے مسافروں کو نکالنے اور جاں بحق افراد کی لاشوں سمیت زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔حادثے کے نتیجے میں 9 مسافر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔







