ہمدرد فائونڈیشن پاکستان پشاور کے زیرِ اہتمام شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید کی برسی کے موقع پر ہمدرد نونہال اسمبلی اور ہمدرد شوری کا مشترکہ خصوصی اجلاس سروسز کلب پشاور صدر میں منعقد ہوا، جس کا موضوع تھا”ایک چراغ جو آج بھی روشن ہے ”۔اجلاس میںحکیم محمد سعید شہید سے عقیدت رکھنے والوں اور محبان ہمدرد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے حکیم محمد سعید کی طبی، علمی، ادبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے اور نئی نسل کی کردار سازی پر زور دیا۔اجلاس سے اسپیکر ہمدرد شوری پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام، اسپیکرنونہال اسمبلی مقدس آصف،نونہالان جویریہ حکمت، عبدالباسط، سیدہ افراح حسین، علینہ علی زیب، ارج حسین جبکہ اراکین شوری حکیم عبدالوحید، سید مشتاق حسین بخاری،ڈاکٹر سیما شفیع، ڈاکٹر عدنان سرور خان، پروفیسر غزالہ یوسف، ناز پروین، ملک لیاقت علی تبسم، ڈاکٹر اقبال خلیل، ڈاکٹر صادق خٹک ،پروفیسر حامد محمود اورقاری شاہد اعظم سمیت مبصرین کرام کرم ستار یعقوبی اوروقار احمد نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ حکیم محمد سعید نے اپنی زندگی طب، تعلیم، تحقیق، خدمتِ خلق اور وطن کی ترقی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی صاحبزادی سعدیہ راشد ان کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔انہوں نے حکیم محمد سعید کو منظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ نونہال مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکیم سعید کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے علم، اخلاق، محنت اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر حکیم محمد سعید شہید کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور ان کے مشن کی کامیابی کے لیے قاری شاہد اعظم الاذہری نے خصوصی دعا کرائی۔







