ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان (پی ایس پی) نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت پولیس ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں درجنوں شہریوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل، شکایات اور قانونی مشکلات براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او چارسدہ نے تمام شہریوں اور بالخصوص ایک ضعیف العمر بزرگ شہری کی بات پوری توجہ اور تحمل سے سنی۔ شہریوں کے مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لیے انہوں نے متعلقہ شعبوں اور ایس ایچ اوز کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، کسی بھی درخواست کو بلاوجہ زیرِ التوا نہ رکھا جائے اور تمام معاملوں میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد محض قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہی نہیں بلکہ پریشان حال شہریوں کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بزرگ شہریوں، مظلوموں اور ضرورت مند افراد کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شہری کی فریاد کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔







