پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے صوبائی صدر ڈاکٹر نبی جان آفریدی اور صوبائی سیکرٹری جنرل انصاف ڈاکٹرز فورم ڈاکٹر سردار محمد سعد اغواء کر لئے گئے ہیں.ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر نبی جان آفریدی کو ہسپتال کے ہاسٹل کے سامنے اس وقت مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے اٹھایا جب وہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے ڈاکٹر نبی جان آفریدی کو لے جانے کی کوشش پر وہاں موجود دیگر ڈاکٹرز نے مزاحمت کی۔اس دوران مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر زین کے زخمی ہو گئے ، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔دوسری جانب انصاف ڈاکٹرز فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سعد کے بارے میں بھی مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔واقعے کے بعد ڈاکٹر برادری میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ نبی جان آفریدی اور ڈاکٹر سعد کے بارے میں مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔صوبائی سیکرٹری جنرل انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا ڈاکٹر سردار محمد سعد خیبر ٹیچینگ ہسپتال سے اغوا کر لئے گئے ہیں، ڈاکٹر سردار محمد سعد کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ہاسٹل سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ لانگ مارچ میں طبی خدمات کی فراہمی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔اغوا اور ڈاکٹرز پر فائرنگ کے واقعے نے ہسپتال کی سکیورٹی اور ڈاکٹرز کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔







