گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور مؤثر انٹیلی جنس نظام کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو عوام کے امن و سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مؤثر کارروائیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔







