تھانہ چمکنی کی حدود میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل شاہ مست خان کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، سینئر پولیس اور پاک فوج کے حکام کے علاوہ شہید کے لواحقین نے شرکت کی
۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ حکام نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے اختتام پر شہید کانسٹیبل شاہ مست خان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے صبر و استقامت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو امن و امان کے قیام کے لیے اہم قرار دیا۔







