اسلام آباد: خیبرپختونخوا کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور صوبے کی امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر صدر آصف علی زرداری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم صدر مملکت کو صوبے کی سیاسی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر بریف کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق کسی بھی حتمی اقدام سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے فی الحال خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی فوری اقدام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم صورتحال پر مشاورت جاری ہے۔







