پشاور میں شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی اور باہمی تنازعات کے حل کے سلسلے میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جائیداد اور رقم سے متعلق تنازعہ فریقین کے درمیان افہام و تفہیم کے ذریعے حل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق درخواست گزار حاجی شاہ جہان ولد امانت خان نے ساڑھے چار جریب اراضی کے انتقال اور رقم کے تنازعے کے حوالے سے فریقین خان محمد اور احتشام کے خلاف کھلی کچہری کے دوران سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کو درخواست دی تھی۔
سی سی پی او پشاور کی ہدایات پر ڈی ایس پی خزانہ سرکل احسان اللہ مروت نے دونوں فریقین کو طلب کیا اور تفصیلی بات چیت کے بعد معاملے کو باہمی رضامندی اور خوش اسلوبی سے حل کرا دیا۔
تنازعہ کے حل پر درخواست گزار نے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد اور کیپٹل سٹی پولیس پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کے عوام دوست اقدامات اور مؤثر کردار کو سراہا۔







