خیبرپختونخوا کی تمام عمارتوں میں معذور افراد کے لیے ریمپس اور سہولیات لازمی قرار

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ نے صوبے کے تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری و نجی عمارتوں، عوامی مقامات اور ضروری خدمات تک خصوصی افراد کی آسان، محفوظ، باعزت اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے،اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں خصوصی افراد کے لیے عمارتوں اور عوامی مقامات کو قابلِ رسائی بنانے کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر، عوامی مقامات، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، عوامی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات تک خصوصی افراد کی آزادانہ اور بلا رکاوٹ رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

اس مقصد کے لیے متعلقہ ادارے اپنی حدود میں موجود عمارتوں اور عوامی مقامات کا جائزہ لے کر وہاں خصوصی افراد کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں،محکمہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ عمارتوں کی نوعیت، ساخت اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی افراد کے لیے قابلِ رسائی ریمپس، مناسب ڈھلوان، ہینڈ ریلز، وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کے لیے موزوں داخلی راستے اور دروازے سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں،جہاں ضرورت ہو وہاں عمارتوں کے داخلی و خارجی راستوں اور دیگر مقامات کو خصوصی افراد کے لیے مزید سہولت بخش بنانے کے لیے مناسب اقدامات بھی کیے جائیں،مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کے مختلف اضلاع کے حالیہ دوروں کے دوران خصوصی افراد اور ان کے نمائندوں کی جانب سے سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات تک رسائی میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کی گئی،خصوصی افراد نے اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے،مراسلے میں متعلقہ انتظامی افسران پر زور دیا گیا ہے کہ خصوصی افراد کو سرکاری دفاتر میں اپنے مسائل کے حل، مختلف سرکاری خدمات کے حصول، معلومات تک رسائی اور دیگر ضروری امور کی انجام دہی کے دوران غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،اس مقصد کے لیے عمارتوں اور عوامی مقامات میں موجود رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں،اس حوالے سے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور قیمتی حصہ ہیں اور انہیں معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو سرکاری و عوامی سہولیات تک آسان، محفوظ اور باعزت رسائی فراہم کرنا ان کی عزتِ نفس، خودمختاری اور معاشرے میں مؤثر شمولیت کے لیے انتہائی اہم ہے،ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل صرف مالی یا معاشی نوعیت کے نہیں بلکہ انہیں روزمرہ زندگی میں عمارتوں، دفاتر اور عوامی مقامات تک رسائی کے حوالے سے بھی مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں خصوصی افراد اپنی ضروریات کے لیے دوسروں پر کم سے کم انحصار کرتے ہوئے آزادانہ طور پر سرکاری و عوامی سہولیات سے استفادہ کر سکیں،انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ رسائی عمارتوں اور عوامی مقامات کی فراہمی صرف ایک سہولت نہیں بلکہ خصوصی افراد کے وقار، مساوی مواقع اور معاشرتی شمولیت سے متعلق ایک اہم ذمہ داری ہے،مشیر نے مزید کہا کہ محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ محکمے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے جاری ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں گے تاکہ خصوصی افراد کے لیے ایک محفوظ، سہولت بخش اور جامع ماحول تشکیل دیا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed