چیک ریپبلک کے سفارتخانے کے زیرِ اہتمام جمہوریہ چیک کے قومی دن (چیک اسٹیٹ ہڈ ڈے) اور چیک مسلح افواج ڈے کی مناسبت سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، دفاعی اتاشیوں، سفارت کاروں اور دارالحکومت کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس پرشکوہ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیک ریپبلک کے سفیر لادیسلاف اسٹین ہیوبل، مسز ڈاگمار اسٹین ہیوبلووا جبکہ دفاعی اتاشی کرنل اسٹینیسلاف ٹیساریک اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ طور پر انجام دیے اور معزز مہمانوں کا پرخلوص استقبال کیا۔ معروف سماجی و سفارتی شخصیت سردار وقار شہزاد نے چیک سفیر کی خصوصی دعوت پر تقریب میں شرکت کی اور حکومتِ چیک ریپبلک، وہاں کے عوام اور سفارتی عملے کو قومی دن کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔تقریب کے دوران سردار وقار شہزاد نے بہترین انتظامات اور پرتپاک میزبانی پر چیک سفیر اور دفاعی اتاشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید وسعت اور استحکام حاصل ہوگا۔ استقبالیہ کے دوران حاضرین نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ امور اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔







