وزارت اطلاعات کا افغان الزامات پر فیکٹ چیک، نورستان واقعے سے تعلق مسترد

وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے افغان طالبان رژیم کی جانب سے نورستان میں مبینہ تشدد اور اندرونی جھڑپوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوششوں اور الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات کی جانب سے باقاعدہ فیکٹ چیک جاری کیا گیا ہے، جس میں افغان سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے عائد کیے جانے والے تمام دعوؤں کو سخت الفاظ میں مسترد کر دیا گیا ہے۔وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان پر افغانستان کے اندرونی تنازعات میں ملوث ہونے یا سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی و تربیت دینے جیسے الزامات حقیقت سے بالکل پرے ہیں۔ ترجمان نے داعش یا کسی بھی دوسرے دہشت گرد گروہ کو کسی قسم کی سہولت کاری فراہم کرنے کا الزام بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکام ان الزامات کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے اور نہ ہی کسی فرد کی شناخت، سیکیورٹی دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد سامنے لائے گئے ہیں۔بیان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے چند غیر مسلح افراد مناسب لباس يا فوجی ساز و سامان سے محروم ہیں اور یہ ویڈیو افغان طالبان رژیم کا ایک طے شدہ ڈرامہ محسوس ہوتی ہے۔ وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی متعدد رپورٹس میں افغانستان کی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ لہٰذا، پاکستان کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا کر کے افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی موجودگی اور اندرونی ناکامیوں کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed