پشاور ہائیکورٹ نے منشیات اور گداگری سے متعلق درخواست کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے رپورٹ جمع نہ کرانے والے ریجنل پولیس افسران سے بھی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔عدالت نے حکم نامے میں قرار دیا کہ بعض ریجنل پولیس افسران نے تاحال مطلوبہ رپورٹس جمع نہیں کرائیں، لہذا ان افسران سے بھی رپورٹس حاصل کی جائیں۔حکم نامے کے مطابق مردان، ملاکنڈ، سوات، کوہاٹ، بونیر، اپر دیر اور چترال کے آر پی اوز نے اپنی رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی ہیں، تاہم بعض دیگر افسران کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں۔پشاور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر تمام متعلقہ آر پی اوز سے رپورٹس حاصل کرکے عدالت میں جمع کرانا یقینی بنائیں۔عدالت نے واضح کیا کہ رپورٹ جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔حکم نامے میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ افسران سے مقررہ مدت کے اندر رپورٹس حاصل کرکے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔







