پشاور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) پشاور سرکل نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم عبدالوہاب کا تعلق ضلع بنوں سے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم پر طالبہ کو دھمکانے اور ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ تفتیش کے دوران الیکٹرانک ذرائع کے استعمال سے متعلق شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ NCCIA حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ممکنہ روابط اور سرگرمیوں کا پتہ چلایا جا سکے۔
حکام نے کہا کہ سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور دھمکیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو آن لائن جرائم سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔







