ضلع چارسدہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران جوانسال لڑکی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق پہلا افسوسناک واقعہ پڑانگ میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر باپ نے فائرنگ کرکے اپنی بیٹی کو قتل کردیا۔دوسرا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود اتمانزئی میں پیش آیا جہاں سیاسی وابستگی تبدیل کرکے اے این پی سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے پر مبینہ طور پر چچا زاد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔تیسرا واقعہ ترناب روڈ پر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر زبانی تکرار کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔چوتھا واقعہ تنگی میں پیش آیا جہاں بڑے بھائی کی جانب سے نصیحت کرنے پر مبینہ طور پر چھوٹے بھائی نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بڑا بھائی جاں بحق جبکہ چھوٹا بھائی زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق تمام واقعات کی وجوہات اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔







