کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز پر دہشت گردوں کے حملے اور بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید زخمی ہونے والا سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی ز خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا جس کے بعد سانحہ میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی۔باخبر ذرائع کے مطابق پاک فوج کا نائیک محمد زاہد کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا جہاں منگل کے روز وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ذرائع کے مطابق نائیک محمد زاہد نے آپریشن کے دوران سنائپر فائر کے ذریعے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا تاہم اسی دوران دوسری سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوگیا۔شہید نائیک محمد زاہد کا تعلق پنجاب کے ضلع چنیوٹ سے تھا۔ ان کی شہادت کے بعد سانحے میں شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد 8 جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد 17 ہوگئی اور یوں شہداء کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی۔







