اسلام آباد: آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام (EFF) کے تحت شرائط پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ نے اضافی بجٹ گرانٹس سے متعلق نئی حکمت عملی وضع کرلی ہے۔ وزارت خزانہ کی بجٹ ونگ کی جانب سے 18 ستمبر 2026 کو دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی جاری کی گئی ہے۔
حکمت عملی کے تحت شدید قدرتی آفات کے علاوہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ کی مقررہ حد سے زائد غیر بجٹ شدہ اخراجات کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ پر غور نہیں کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کی فراہمی کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
جن معاملات میں مطلوبہ فنڈز دوبارہ تخصیص یا ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (TSG) کے ذریعے فراہم نہیں کیے جاسکتے، ان میں متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کو سپلیمنٹری گرانٹ کے حصول کے لیے ٹھوس جواز اور قابل قبول وجوہات پیش کرنا ہوں گی۔
یہ ہدایات رواں اور آئندہ مالی سالوں میں تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران، محکموں، اداروں، ماتحت دفاتر اور اکاؤنٹنگ تنظیموں و دفاتر پر لاگو ہوں گی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری حکمت عملی میں بجٹ سے متعلق اضافی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دوبارہ تخصیص اور دیگر دستیاب طریقہ کار کو ترجیح دینے کا فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔







