پاکستان انڈر 19 کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی نوجوان کرکٹرز کو عشائیہ ۔انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین
شکیل الرحمان
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے گفتگو پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو عشائیے پر مدعو کیا اور نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کرکے انگلینڈ کے دورے میں شاندار کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز 3-1 سے اپنے نام کی، جبکہ چار روزہ یوتھ ٹیسٹ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ون ڈے سیریز میں پشاور سے تعلق رکھنے والے نوجوان اوپنر عثمان خان پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔ عثمان خان نے چار میچوں میں 240 رنز اسکور کیے، جس میں 151 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔ ان کی یہ اننگز سیریز کی یادگار ترین انفرادی کارکردگیوں میں شمار ہوئی۔
پاکستان کی بیٹنگ میں عثمان خان، کپتان فرحان یوسف، عبدالقادر، حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عبدالقادر نے بھی 146 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے بیٹنگ کے ساتھ قیادت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سیریز کے پہلے ون ڈے میں عثمان خان اور فرحان یوسف کے درمیان 268 رنز کی شاندار شراکت پاکستان کی بڑی فتح کی بنیاد بنی۔ دونوں نوجوان بلے بازوں نے انگلش بولنگ کا بھرپور سامنا کرتے ہوئے پاکستان کو مضبوط پوزیشن فراہم کی۔
پاکستان کی سیریز میں کامیابی میں بولنگ کا بھی اہم کردار رہا۔ محمد صیام، رضوان اللہ، عبدالسبحان اور دیگر بولرز نے اہم مواقع پر انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور ٹیم کی فتوحات میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ انگلینڈ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو ملاقات اور عشائیے پر مدعو کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے انفرادی طور پر ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دی۔
شاہد انور نے کہا کہ انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے نوجوان کرکٹرز کو مالی تحفظ کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مزید حوصلہ ملے گا۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی حوصلہ افزائی بھی قابلِ قدر ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں منعقد ہونے والے انڈر 19 ڈویلپمنٹ کیمپس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران ملتان میں منعقد کیے جانے والے کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ان کے اور ساتھی کھلاڑیوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا رہی، جبکہ انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا نوجوان کرکٹرز کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
نائب کپتان اور اوپنر عثمان خان نے سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
نوجوان کرکٹر جہانگیر بلال نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کے مالی معاملات میں بہتری آئے گی اور انہیں اپنی کرکٹ پر بھرپور توجہ دینے کا موقع ملے گا۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے اس اقدام سے کھلاڑیوں میں مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوگا۔









