پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو عشائیے پر مدعو کیا اور انگلینڈ کے دورے میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز 3-1 سے جیتی، جبکہ چار روزہ یوتھ ٹیسٹ میں اسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ون ڈے سیریز میں پشاور سے تعلق رکھنے والے اوپنر عثمان خان پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔ انہوں نے چار میچوں میں 240 رنز بنائے، جن میں 151 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔
پاکستان کی بیٹنگ میں عثمان خان کے علاوہ کپتان فرحان یوسف، عبدالقادر، حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ عبدالقادر نے 146 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ فرحان یوسف نے بیٹنگ کے ساتھ قیادت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سیریز کے پہلے ون ڈے میں عثمان خان اور فرحان یوسف کے درمیان 268 رنز کی شراکت داری نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بولنگ میں محمد صیام، رضوان اللہ، عبدالسبحان اور دیگر بولرز نے اہم مواقع پر انگلینڈ کی بیٹنگ کو دباؤ میں رکھا اور ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ انگلینڈ میں ٹیم کی کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات اور عشائیے پر مدعو کیا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کیں، ان کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں مزید محنت کی ترغیب دی۔
شاہد انور نے انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان کرکٹرز کو مالی تحفظ ملے گا اور وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران منعقد ہونے والے انڈر 19 ڈویلپمنٹ کیمپس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ ان کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
نائب کپتان اور اوپنر عثمان خان نے بھی سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا اور وہ مستقبل میں اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
نوجوان کرکٹر جہانگیر بلال نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کے مالی معاملات میں بہتری آئے گی اور انہیں اپنی کرکٹ پر بھرپور توجہ دینے کا موقع ملے گا۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے کھلاڑیوں میں مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوگا۔







