ممبرانِ قومی اسمبلی آصف خان، شاندانہ گلزار خان اور ارباب شیر علی نے ایم این اے شہریار آفریدی کے ہمراہ سرہ خورہ متنی پولیس چوکی اور کوہاٹ کا دورہ کیا۔سرہ خورہ متنی پولیس چوکی میں گزشتہ روز بارودی مواد سے ہونے والے حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور زخمی پولیس کانسٹیبل کی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی۔بعدازاں ایم این ایز نے کوہاٹ پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ہسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں سے فردا فردا ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹرز سے علاج معالجے اور صحت سے متعلق بریفنگ لی۔اس موقع پر آصف خان، شاندانہ گلزار خان اور ارباب شیر علی نے پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے، بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس جوانوں کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ممبرانِ قومی اسمبلی نے شہدا کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی، دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔







