لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی لندن میں پارٹی کے بانی الطاف حسین کی رہائش گاہ پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کیا اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے ایکس پر جاری بیان میں برطانوی حکام سے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے مطابق دو نقاب پوش افراد بظاہر تربیت یافتہ تھے، جنہوں نے گھر کے سامنے موجود گیٹ پھلانگ کر رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آوروں نے گھر کے مرکزی دروازے اور کھڑکیوں کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ وہ اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔
رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث دونوں نقاب پوش افراد کی شناخت کی جائے اور مبینہ حملے کی وجوہات سمیت تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں۔
ایم کیو ایم کے مطابق واقعے میں شمالی لندن میں واقع الطاف حسین کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران املاک کو نقصان پہنچا۔
پارٹی رہنماؤں نے برطانوی حکام پر زور دیا کہ واقعے کی سنجیدگی سے تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے۔







