جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں اے آئی چیٹ بوٹس کلاڈ اور چیٹ جی پی ٹی نے اپنے بارے میں سامنے آنے والے خدشات اور الزامات پر گفتگو کی۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اے آئی چیٹ بوٹ کلاڈ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے انسانیت کو لاحق خطرے کے خدشات بے بنیاد نہیں، اس لیے انہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
کلاڈ کے مطابق خطرہ کسی فلمی انداز میں روبوٹس کی بغاوت کا نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے غلط مقاصد کے لیے استعمال ہونے کا ہے۔ اس نے واضح کیا کہ خطرے کا موجود ہونا لازماً تباہی کا باعث بننے کی ضمانت نہیں، تاہم صورتحال اس بات پر منحصر ہے کہ انسان اے آئی کی طاقت کو کتنی احتیاط، شفافیت اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
جعلی تصاویر اور ڈیپ فیک ویڈیوز کے حوالے سے کلاڈ نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے اس استعمال کے نقصانات زیادہ گہرے ہوسکتے ہیں۔ اس کے مطابق ایک جعلی ویڈیو کسی شخص کی عزت اور زندگی کو متاثر کرسکتی ہے جبکہ اس نوعیت کے مواد کا نشانہ زیادہ تر خواتین بنتی ہیں۔
دوسری جانب چیٹ جی پی ٹی نے بھی اے آئی سے متعلق خدشات کو سنجیدہ قرار دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو مکمل خطرے کی ضمانت دے سکتی ہے اور نہ ہی تباہی کو یقینی قرار دیا جاسکتا ہے۔







