پاکستان جاپان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، حافظ مہر شمس

ٹوکیو، جاپان (امجد عزیز ملک سے)

ٹوکیو میں پاکستان کی ممتاز سماجی شخصیت اور پاکستانی کمیونٹی کے راہنما حافظ مہر شمس نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ، حکومت پاکستان کو جاپان کے ساتھ عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہو گا۔ پاکستانی سفارت خانہ یہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہا ہے اور توقع ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے روزنامہ کسوٹی اور کسوٹی ڈیجیٹل کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جاپان میں زیادہ تر تجارت پیشہ افراد مقیم ہیں جبکہ آجکل طلباء بھی حصول تعلیم کے لئے جاپان کا رخ کر رہے ہیں۔حافظ مہر شمس نے کہا کہ پاکستانیوں کو جاپان آنے کے لئے یہ ذہن میں رکھنا ہو گا کہ جاپانی حکومت پاکستانیوں کو جاپان آنے کے بھرپور مواقع فراہم کرتی ہے تاہم اس سلسلہ میں انہیں یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی طرح نہ صرف جاپان بلکہ دنیا بھر کی معاشی صورتحال خراب ہے تاہم جاپان آنے والوں کو قانونی طریقے استعمال کرنے چاہئیں کیونکہ غیر قانونی طور پر جاپان میں داخل ہونا اب ناممکن بنا دیا گیا ہے اس لئے نوجوان ٹریول ایجنٹس کے جھانسے میں نہ آئیں۔انہوں نے سفیر پاکستان عبدالحمید بھٹہ کو کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اگرچہ زیادہ تر خدمات کی فراہمی آن لائن ہو گئی ہے تاہم اس سلسلہ میں سفارت خانے کی جانب سے توجہ لائق ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ جاپان میں انتقال کرنے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی وطن روانہ کرنے کے لئے بھی پاکستانی سفارت خانہ محض ایک گھنٹے میں تمام کارروائی مکمل کر لیتا ہے جبکہ وہ ذاتی طور پر میتیں پاکستان بھیجنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے پی آئی اے کی وجہ سے یہاں انتقال کرنے والے پاکستانیوںکے جسدخاکی پاکستان بھجوانے میںآسانی تھی تاہم پی آئی اے کی بندش کے باعث دیگر ائیر لائنز پر چالیس لاکھ روپے سے زیادہ کے اخراجات آتے تھے جس کے لئے ایک مقامی کمپنی سے انہوں نے بات چیت کی ہے جس کے بعد یہ اخراجات تقریبا ًبارہ لاکھ روپے آتے ہیں اکثر مقامی کمیونٹی اور وہ ذاتی طور پر اخراجات برداشت کرتے ہیں

۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ وہ پاکستان سے ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے بارے میں جاپانی مصنف سے ایک کتاب لکھوا رہے ہیں تاکہ جاپانیوں کو پاکستان کے بارے میں تفصیل سے بتایا جا سکے۔ اس سلسلہ میں جاپانی مصنف نے پاکستان بھر کا تفصیلی دورہ کیا ہے اور اب یہ کتاب اشاعت کے آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن سے بہت محبت کرتے ہیں ان کی بھی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی یافتہ ملک بنے جہاں انصاف ملے، معیشت بہتر ہو ، امن و امان قائم ہو اور پاکستانیوں کا میعار زندگی بہتر ہو۔حافظ مہر شمس نے کہا کہ وطن سے دور پاکستانیوں کو ہر لمحہ پاکستان کی یاد ستاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ 1998 میں جاپان آئے تھے اور گاڑیوں کے کاروبار سے منسلک ہیں ،ان کا سیاست سے بھی تعلق ہے تاہم انہوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں زیادہ دلچسپی لی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں خلق خدا کی خدمت ہی اصل میں ان کی مقبولیت کاباعث بنی ہے۔حافظ مہر شمس نے کہا کہ ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی کی کئی تقریبات منعقد ہوتی ہیں جن میں وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے سابق ریسلر انوکی مرحوم کو پاکستان کا ایک قابل فخر دوست قرار دیا اور کہا کہ انوکی نے ہمیشہ جاپان میں پاکستان کے لئے ایک سفیر کا کردار ادا کیا ۔انہوں نے توقع ظاہر کی پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed