پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپننگ بیٹر امام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے غیر فعال اور نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں قومی کرکٹرز جاری پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچز میں اپنی اپنی ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نافذ کردہ قواعد و ضوابط کے تحت کسی بھی کھلاڑی کے لیے فرسٹ کلاس میچز کا حصہ بننے سے قبل فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل کرنا اور رپورٹ جمع کروانا لازمی ہوتا ہے۔ رضوان اور امام کی جانب سے اپنے شعبہ جات کے پاس کوئی بھی فٹنس رپورٹ جمع نہ کرائے جانے کے سبب انہیں ڈومیسٹک میچز کے لیے غیر موزوں قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے نائب کپتان مقرر ہیں اور باقاعدہ کپتان شان مسعود کی پہلے مرحلے میں غیر موجودگی کی بنا پر انہوں نے اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول پہلے میچ میں قیادت کا فریضہ انجام دینا تھا۔ دوسری جانب امام الحق او جی ڈی سی کے کپتان ہیں، جس کا پہلا مقابلہ پی ٹی وی کے خلاف طے ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کو واپس طلب کر کے ان کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ پہلے ہی سے جاری ہے۔







